(باخبر سوات ڈاٹ کام) منشیات کی روک تھام اور ٹریفک آگاہی کے حوالے سے ایس پی ایس سکول اینڈ کالج رحیم آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی اُو سٹی امجد خان سمیت دیگر پولیس افسران، کالج پرنسپل محمد خلیل قاضی اور دیگر اساتذہ کرام بھی ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی اُو سوات نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایک ہی نعرہ ہے کہ ”نشے سے انکار اور زندگی سے پیار۔“ اس کے بارے میں آگاہی کیلئے تعلیمی اداروں میں سیمینارز منعقد کئے جارہے ہیں، تاکہ طلبہ کو منشیات سے بچاکر ان کا مستقبل محفوظ بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں یا ان کے اطراف میں کسی قسم کی منشیات فروشی یا استعمال کرنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
