(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات پولیس فتح پور نے شراب کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ہزاروں لیٹر شراب برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈی پی اُو سوات شفیع اللہ گنڈا پور نے ایس ایچ اُو فتح پور روشن خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مخبر خاص کے اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دیسی شراب کی پوری فیکٹری دریافت کرکے بدنامِ زمانہ موت کے سوداگر ملزمان شاہ روق اور احسان اللہ خان ساکنان برہم پٹئی فتح پور کو حسبِ ضابطہ گرفتار کیا گیا۔ا نہوں نے کہا کہ شراب کی فیکٹری سے 2 ہزار 185 لیٹر شراب (ٹرہ)، 09 عدد ڈرمز، 13 عدد گیلنز، 06 عدد گیس سلینڈر، 325 عدد بوتلیں اور مبلغ 20 ہزار ریزگاری رقم بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم شاروق خان 03 ماہ قبل 25 ستمبر 2023ء کو تھانہ فتح پور میں اس قبیح دھندے سے با ز رہنے کے لیے توبہ تائب بھی ہوا تھا، لیکن پھر بھی اس کام سے باز نہ آیا۔
