(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی صوبائی اسمبلی کے 8 حلقوں میں پہلے حلقہ پی کے3 میں بھی اس بار کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ اس حلقہ میں اے این پی کے سید جعفر شاہ، آزاد امیدوار (پی ٹی آئی) میاں شرافت علی، ن لیگ کے جہانگیر خان، پیپلز پارٹی کے سید حکیم شاہ، جماعت اسلامی کے حبیب اللہ ثاقب، جے یو آئی کے بخت زادہ اور پیپلز پارٹی کے ناراض آزاد امیدوار ملک نوازش علی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اس حلقہ میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 212787 ہے، جن میں 118077 مرد اور 94710 خواتین ووٹر ہیں، جن کے لئے 145 پولنگ اسٹیشن اور487 پولنگ بوتھوں کا انتظام کیا جائیگا۔ اس حلقے سے 2018ء کے انتخابات میں تحریکِ انصاف کے میاں شرافت علی نے 21036 ووٹ حاصل کیا تھا۔ دوسرے نمبر پراے این پی کے سید جعفر شاہ نے 13099 ووٹ اور ن لیگ کے امیر مقام نے 11757 ووٹ حاصل کیا تھا۔ 2013ء میں اُس وقت یہ حلقہ پی کے85 تھا۔ اُن انتخابات میں اے این پی کے سید جعفر شاہ نے14344 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے نمبر پرن لیگ کے میاں شرافت علی کو 13763 اور تحریکِ انصاف کے نثار احمد نے 10504 ووٹ حاصل کیا تھا۔ 2008ء کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے اے این پی کے سید جعفر شاہ نے 5573 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے نمبر پر ق لیگ کے امیر مقام نے 4990 ووٹ حاصل کیا تھا۔ تیسرے نمبر پر ن لیگ کے میاں شرافت علی نے 3017 ووٹ حاصل کیا تھا۔ 2002ء کے انتخابات میں اس حلقہ سے ایم ایم اے کے ملک امیر زادہ نے 11039 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے نمبر پر اے این پی کے نثار احمد نے5231 اور تیسرے نمبر پرآزاد امیدوار جہانگیر خان نے5137 ووٹ حاصل کیا تھا۔ اس حلقے میں کالام، بحرین، مدین اور گرد و نواح کے علاقے شامل ہیں۔
