Swat

8 فروری سے ترقی، امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، امیر مقام

(باخبر سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخواکے صدرانجینئر امیرمقام نے کہاہے کہ میاں نواز شریف عوامی طاقت سے برسرِاقتدار آکر ملک میں ترقی کارُکا ہوا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ یکم فروری کو سوات کے عوام قائد میاں نوازشریف کا تاریخی استقبال کریں گے۔ گراسی گراؤنڈ مینگورہ میں تاریخی جلسہ عام سے میاں نواز شریف، شہباز شریف اورمریم نواز خطاب کریں گے۔ عوام 8 فروری کو ملک کی ترقی کے لئے شیر پر مہر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ میں پی کے 10 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے فضل رحمان نو نو، رحمت علی خان، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما یحییٰ خان، سابق صوبائی وزیر محمد علی شاہ اورامیدوار پی کے 10 مقصود علی خان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر درجنوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔انجینئر امیرمقام نے مزید کہا کہ 8 مرتبہ موت کو قریب سے دیکھا ہے۔ مشکلات برداشت کر چکا ہوں لیکن اپنے لیڈر کو نہیں چھوڑا۔ ہر دکھ درد میں عوام کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ن اور اسکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ ان شاء اللہ 8 فروری کو پاکستان مسلم لیگ ن اور شیر کی جیت ہوگی اور پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں