Swat

ہماری سیاست ختم کرنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہوگئی، مریم نواز

(باخبر سوات ڈاٹ کام)ن لیگ کے چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے چور ثابت ہونے والے شخص کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے ہیں، وہ خیبر پختون خوا کے بچوں اور جوانوں کو گھیراو جلاو کا کہہ کر ان کے ہاتھوں میں پٹرول بم دے رہا ہے۔ جب ن لیگ کی حکومت ہوتی ہے، تو وہ بچوں کے ہاتھوں میں کتاب اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ دیتے ہیں۔ گراسی فٹ بال سٹیڈیم میں انتخابی جلسہ سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بہت لوگ آئے، نواز شریف کی سیاست مٹانے والے، لیکن عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ جو لوگ یہ کہہ رہے تھے، آج وہ کوڑے دان میں ہیں اور نواز شریف آپ کے سامنے شان سے کھڑے ہیں۔نواز شریف کو تاحیات نا اہل کرنے والے آج نواز شریف کو چھپ کر ٹی وی پر دیکھتے تو ہوں گے۔ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والوں کی سیاست خود ختم ہوگئی۔ آج نواز شریف جہاں بھی جاتا ہے، عوام کا سمندر اُمڈ آتا ہے۔ آپ پر دس سال حکومت رہی، انہوں نے آپ سے صرف جھوٹ بولا۔ جس نے چور چور کا شور لگایا، آج وہ پورا ٹبر چور نکلا۔ میں کسی پر خوش نہیں ہوتی، لیکن دوسرے کو چور کہنے والے خود سب سے بڑا چور نکلا۔ مجھے بھی کہا گیا تھا کہ آپ کو سہالہ ریسٹ ہاوس لے جاتے ہیں لیکن میں نے انکار کیا اور کہا کہ میں عام قیدی کی طرح رہوں گی۔ کیا خیبر پختون خو ا کی سیاست جلا و گھیراو ہے، جواب ہوگا نہیں۔ تو آپ اس شخص سے دور رہیں۔ پٹرول بم بنانے کی بجائے لیپ ٹاپ حاصل کریں۔ تعلیم اور روزگار حاصل کریں۔ اس شخص کے بچے تو لندن میں بیٹھے ہیں اور آپ کو جلاو گھیراو پر لگایا ہے۔ مریم نواز نے اپنی تقریر کا آغاز پشتو کے ان الفاظ سے کیا:”د سوات پختنو او د سوات مینے تہ سلام“ یعنی سوات کے پشتونوں اور اہلِ سوات کی محبت کو سلام۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں