(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر محمد قاسم کی ہدایت پر سیدو شریف روڈ کی دوبارہ خوبصورتی کے لئے سڑک کی دونوں جانب درخت لگانے کی مہم شروع کردی گئی۔ والئی سوات نے ریاست سوات کے وقت اس سڑک کے دونوں جانب درخت لگائے تھے، جس کی وجہ سے سڑک کی خوبصورتی اپنی مثال آپ تھی، لیکن بعد میں سرکاری محکموں نے مختلف بہانوں سے وقتاً فوقتاً ان تمام درختوں کو کاٹ دیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے اس سڑک کو دوبارہ خوبصورت اور بارونق بنانے کے لئے سڑک کے دونوں کناروں درخت لگانے کا حکم دیا، جس پر پیر کے روز سے کام کا آغاز کردیا گیا۔ ایک ہی دن میں درجنوں درخت لگائے گئے اور آج منگل کو بھی یہ سلسلہ جاری رہیگا۔
