(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان نے عیدالفطر کے دوران سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع پلان وضع کیا ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان کی زیرِصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران متعدد فیصلے کئے گئے جس میں تمام محکموں کے افسران اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ پولیس سیاحوں کی سیکورٹی، سیفٹی، آرام دِہ قیام اور دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ریگولر، ٹریفک وارڈن پولیس سمیت تمام شعبوں کو فعال بناتے ہوئے فوری اور ٹھوس اقدامات عمل میں لائیں جبکہ ان فرائض کی بطریق احسن انجام دہی کیلئے ریسکیو 1122 اور تمام سات تحصیلوں کی میونسپل انتظامیہ اور حکام بھی ان سے قریبی معاونت کرینگے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سوات کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں اور شاہراہیں ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک کر دی جائیں گی جبکہ سڑک کنارے کسی پارکنگ یا ٹیکس وصولی کی قطعی اجازت نہیں ہو گی۔
