Swat

ملاکنڈ ڈویژن، ٹیکس کے خلاف تاجروں کا شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان

(باخبر سوات ڈاٹ کام)حکومت کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کا فیصلہ واپس نہ لینے پر ملاکنڈ ڈویژن کے تاجروں نے تمام نو اضلاع میں 14 مئی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کردیا۔ یہ فیصلہ مینگورہ میں ہو نے والے ڈویژن کے تمام اضلاع کے ٹریڈرز فیڈریشن کے عہدیداروں کے لویہ جرگہ میں کیا گیا۔ جرگہ سے اپنے خطاب میں ٹریڈرز فیڈریشن ملاکنڈ ڈویژن کے صدر عبدالرحیم خان، ٹریڈرز فیڈریشن لوئر دیرکے صدر انوارالدین، ضلع بونیر کے صدر فضل ربی، ترجمان ڈاکٹر خالد محمود خالد، بشام صدر محمد زادہ، بٹ خیلہ کے صدر شاکر اللہ خان، اَپر سوات کے صدر زبیر خان، ملاکنڈ ایجنسی کے صدر زوار خان اور دیگر نے کہا کہ ملاکنڈ ٹیکس فری زون ڈویژن ہے۔ یہاں پر ٹیکس کا نفاذ کسی بھی صورت ہمیں منظور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام اب بھی حالت جنگ میں ہیں۔ یہاں ٹیکس کا نفاذ یہاں کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ کیونکہ ملاکنڈ ڈویژن کے لوگ ہر قسم کی اذیتوں سے گزرے ہیں اور آج بھی گزر رہے ہیں۔ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام ٹیکس کے نفاذ کے قابل نہیں۔ کیونکہ یہاں پر بے روز گاری زوروں پرہے۔ مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ اس کے باجود موجودہ حکومت یہاں پر ٹیکس لاگو کرنا چاہتی ہے۔ یہ سراسر نا انصافی ہے جس کے خلاف ہم بھر پور تحریک چلاکر ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو ٹیکس کے ناسور سے نجات نجاد دلانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے عوام کو مشکلات سے دوچار کرنے پر تلی ہوئی ہے جو قابلِ افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام اور تمام تنظیمیں، تاجر برادری، ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن، چیمبر آف کامرس ایسو سی ایشن، جیولرز ایسو سی ایشن، ڈرگ اینڈ کیمسٹ ایسو سی ایشن، جمزسٹون ایسو سی ایشن، گجر یوتھ فورم سوات، پیٹرولیم ایسو سی ایشن اور دیگر ان ناروا اور ظالمانہ ٹیکسوں کو قطعاً نہیں مانتے اور حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اس ظالمانہ فیصلے کو واپس لیکر عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے اس جائز مطالبہ پر غور نہ کیا گیا تو 14 مئی بروز منگل پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو سڑکوں پر نکال کر اپنے حق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

اشتہار / Advertisement

اپنا تبصرہ تحریر کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کی نشاندہی * سے کی گئی ہے۔