(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیرِ صدارت ڈویژنل فارسٹ فائر مینجمنٹ ٹیم کااجلاس اُن کے دفترسیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایف اوز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ ضلع سوات کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کو جنگلات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں تقریباً 1043691 ایکڑ پر مشتمل پروٹیکٹیڈ جبکہ671664 ایکڑ پر پرائیویٹ ایریا پر جنگلات ہیں۔ گرمی کے موسم میں جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے ہیں جبکہ اس سال ملاکنڈ ڈویژن کے ضلع دیر لوئر کے جنگل میں آتشزدگی شروع ہوئی تھی، جس پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے ملاکنڈ ڈویژن میں ریپڈ رسپانس ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں 16 ایس ڈی ایف اوز، 11 آر ایف اوز، 112 فارسٹر، 208 فارسٹ گارڈ، 552 نگہبان اور 359 چوکیدار شامل ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن میں 85 ہاٹ سپاٹس کا تعین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بونیر، دیر لوئر، ملاکنڈ اور اپر سوات کو جنگلات میں آگ لگنے کے حوالے سے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے جنگلات میں پانی کے موجود ذخائر کی جیو میپنگ بھی کی گئی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں جنگلات یا جنگلات کے 500 میٹر کے قریب آگ جلانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کریں۔
