(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں سکھوں کے گورودوارے کا خادم 70 سالہ سردار بیشن سنگھ دریائے سوات میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ سردار ہر روز دریا میں نہانے کے لئے جاتے تھے۔ بدھ کو حسبِ معمول وہ نہانے کے لئے مینگورہ بائی پاس گئے جہاں نہاتے ہوئے وہ ڈوب گئے۔ ان کی لاش بعد میں دریا سے نکال لی گئی۔ ان کے بہن بھائی ننکانہ صاحب میں رہتے ہیں۔ اس لئے ان کی لاش ننکانہ صاحب روانہ کردی گئی، جہاں آج بدھ کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ سردار بیشن سنگھ نے شادی نہیں کی تھی اور پوری زندگی عبادت اور گورودوارے کی خدمت کے لئے وقف کی تھی۔ بابری مسجد کے واقعے کے بعد مشتعل ہجوم نے اس گورودوارے کو جلایا تھا اور سردار بیشن سنگھ اس میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سردار ایک شریف النفس انسان تھے اور ان کے سب کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔
Swat
