Swat

سوات،جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی لگادی گئی

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں ”ووڈلاٹ“ قانون کے تحت جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور عوامی احتجاج کے بعد پورے صوبہ خیبر پختون خوا میں اس قانون کے تحت جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی لگادی گئی۔ اس سلسلے میں جاری پریس ریلیز کے مطابق صوبائی وزیرِ جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے پورے صوبے میں جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کردی۔ پابندی عوام میں پائے جانے والے جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے حوالے سے لگائی گئی ہے۔ منظور اسکیموں کی نگرانی کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دینے تک پابندی برقرار رہے گی۔ صوبائی وزیرِ جنگلات و ماحولیات نے پورے صوبے میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں رائج پرائیویٹ ووڈ لاٹس رولز 2017ء کے تحت جاری اسکیموں کے تحت جنگلات کی کٹائی پر پابندی عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور سوشل میڈیا اور سول سوسائٹیز کی طرف سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹائی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور تمام عمل میں درستی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے کمیٹیاں ترتیب دی گئی ہیں، تاکہ شفاف طریقے سے منظور شدہ ورکنگ پلانز اور دیگر اسکیموں کی کٹائی کی نگرانی اور بے ضابطگیوں کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو سائنسی انداز میں جنگلات کی کٹائی کے مقاصد سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہئ جنگلات کے اعلیٰ حکام اوراہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کام کی شفاف طریقے سے نگرانی کریں اور اس عمل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں