(باخبر سوات ڈاٹ کام)ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن محمد علی خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی پولیس میں ہر قسم حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے۔ سوات میں چند دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاع ہے، لیکن پولیس ان کی گرفتاری کی کوشش میں مصروف ہے۔ اپنے دفتر میں سوات کے سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوات میں داخل ہونے والے چند دہشت گرد پہاڑوں میں چھپ کر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جن کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ان افراد کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں سادہ لباس میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں مکمل امن و امان ہے، جس کا واضح ثبوت سوات میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے سوات کے خوبصورت علاقوں کا رخ کیا اور اب بھی سیاحوں کی سوات آمد جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئس نشے کے خاتمے کے لئے پورے ملاکنڈ ڈویژن میں خصوصی آپریشن جاری ہے جس میں ابھی تک درجنوں آئس ڈیلروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اپنی پولیس پر مکمل اعتماد ہے جس کی وجہ سے پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور پولیس امن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
Swat
