(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات چیمبر آف کامرس نے جہان آباد دھماکے کے بعد کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور آرپی اُو کو معطل کرنے اور ان کیخلاف انکوائری کا مطالبہ کر دیا۔ 12 ممالک کے سفیروں کو مناسب سکیورٹی نہ دینے کی وجہ سے واقعہ رونما ہوا، جس کی ذمہ داری کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، آر پی اُو ملاکنڈ ریجن اور انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ سوات چیمبر آف کامرس نے بہت جلد جہان آباد دھماکے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے اور حقائق منظر عام پر لانے کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ انتظامی صلاحیتوں سے محروم کمشنر ملاکنڈ اور آر پی اُو کو معطل کرنے کیلئے احتجاجی تحریک کا عندیہ دے دیا۔ مختلف ممالک کے سفیروں کی سوات آمد کے حوالے سے باقاعدہ وزارت فارن افیئر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی درخواست پرسوات کے انتظامی حکام کو مراسلہ جاری کیا۔ اس کے باوجود بھی انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا، زمبابوے،روانڈا، ترکمانستان، ویتنام، ایتھوپیا، ایران، تاجکستان اور روس کے سفیروں کے قافلے پر دھماکہ سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت صدر راحت علی خان منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایسے واقعات کیخلاف عوام کو اب نکلنا ہوگا۔ 27 ستمبر کو بوقت 2 بجے نشاط چوک مینگورہ میں مظاہرہ ہے۔ اس میں عوام بھر پور شرکت کریں۔
Swat
