(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں مسلح افرادنے مینگورہ کے مختلف پولیس تھانوں کے ایس ایچ اُوز اور بھاری نفری کی دوڑیں لگوا دیں۔تھانہ رحیم آباد کی حدود میں واقع علاقہ اوڈیگرام میں لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ کئی مسلح افراد علاقہ کے ایک گھر سے چوکیدار کو نکال کر گھر کے اندر موجود ہیں۔ اس اطلاع پر رحیم آباد پولیس نے وائرلس پر اطلاع دی جس کے بعد ڈی ایس پی مینگورہ، ایس ایچ او رحیم آباد، ایس ایچ او بنڑ بھاری نفری کے ہمراہ علاقہ پہنچے اور گھر کا محاصرہ کیا۔ گھر کے اندر سے مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے بعد پولیس نے پوزیشن سنبھال کر ملزمان پر فائرنگ شروع کی۔ دوسرے مرحلے میں پولیس نے گھر کے اندر دستی بم پھینکا اور اعلان کیا کہ ملزمان نے خود کو پولیس کے حوالے نہیں کیا، تو مزید دستی بم پھینکے جائیں گے۔ اس کے بعد ملزمان نے حوالگی پر رضامندی ظاہر کی۔ پولیس نے تمام ملزمان حمزہ ولد ولی محمد ساکن خونہ گل محلہ مینگورہ، حنیف اللہ المعروف سلطان ولد شریف اللہ ساکن گرین چوک مینگورہ، لطیف ولد حبیب الرحمان ساکن اینگرو ڈھیرئی، نور رحمان ولدگل احمد ساکن حاجی بابا، یاسین ولدمحمد عمران ساکن فیض آباد، نور اللہ ولد نورحنی گل ساکن گجر آباد رحیم آباد، اختر منیر ولد محمد شہاب ساکن امانکوٹ، ساجد ولد خان فرمان ساکن رنگ محلہ کو گرفتار کرکے تمام ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق قبضہ گروپ سے ہے اور وہ مذکورہ گھر پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان کے خلاف دفعات 324, 353, 186, 189, 506, 342, 148, 149, 15AA کے تحت مقدمہ درج کردیا۔
