Swat

جہانزیب کالج، آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کردیا گیا

(باخبر سوات ڈاٹ کام)گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف سوات میں آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح سیکرٹری اطلاعات و تعلقاتِ عامہ حکومت خیبرپختونخوا ارشد خان نے وینس یونیورسٹی اٹلی کے پروفیسر اور آرکیالوجی کمیشن اٹلی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر لوکا کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن عنایت اللہ، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج محمد سلیم، چیئرمین شعبہ آرکیالوجی سبحان گل، شعبہ انگریزی کے چیئرمین عیسیٰ خان سمیت پروفیسرز، لیکچرارز سمیت کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ ارشد خان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج 1952ء میں والی سوات میاں گل جہانزیب نے تعمیر کروایا، جس کا سوات کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ گذشتہ صوبائی حکومت میں جہانزیب کالج بلڈنگ کو پرانے نقشہ پر ازسرِ نو تعمیر کیا گیا۔ ارشد خان نے کہا کہ جہانزیب کالج کے طلبہ ہر شعبہ میں اعلیٰ مقام پر ملک کی خدمت کررہے ہیں۔ انہیں بھی اسی کالج کا طالب علم رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔ آج جہانزیب کالج میں شعبہ آرکیالوجی کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔اس موقع پر وینس یونیورسٹی اٹلی کے پروفیسر ڈاکٹر لوکاکا کہنا تھا کہ سوات میں آرکیالوجی کے بہت سے مقامات ہیں۔ بریکوٹ اور بدھ کدہ میں آرکیالوجی کمیشن اٹلی نے نئے مقامات دریافت کئے اور پہلے سے دریافت شدہ مقامات پر مزید پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کو مہینے میں آرکیالوجی پر دو اعزازی لیکچر دونگا، تاکہ طلبہ کو انٹرنیشنل آرکیالوجی کی رہنمائی حاصل ہوسکے۔ تقریب سے ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن عنایت اللہ، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج محمد سلیم اور چیئرمین شعبہ آرکیالوجی سبحان گل نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں