(باخبر سوات ڈاٹ کام) اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ایک نمائندہ وفد نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائرکٹر جنرل حضرت بلال کی سربراہی میں زرعی یونیورسٹی سوات کا دورہ کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں بارانی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد، زرعی یونیورسٹی پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر میاں اسحاق اور ہائیر ایجوکیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد رضوان شامل تھے۔ وفد نے گاؤں جورہ مٹہ میں یونیوسٹی کی زیر تعمیر کیمپس کا دورہ کیا اور اس پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے جاری تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے۔ بعد ازاں وفد نے زرعی یونیورسٹی کے موجودہ کیمپس بمقام تختہ بند مینگورہ سوات کا دورہ کیا۔ جہاں یونیورسٹی انتظامیہ نے وفد کا شاندار استقبال کیا۔ یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان اور ڈائیرکٹر جنرل حضرت بلال کی مشترکہ سربراہی میں ایک اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبران، افسران اور عملے کے ساتھ ساتھ زرعی تحقیقاتی ادارے کے ڈائیرکٹر ڈاکٹر روشن علی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
