(باخبر سوات ڈاٹ کام) کالام فارسٹ ڈویژن میں خالی اسامیوں کے لئے ”ایٹا“ کے ذریعے ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو ابھی تک بھرتی نہ کیا جاسکا۔ کالام فارسٹ ڈویژن میں 94 اسامیاں 2022ء کے دسمبر کے مہینے میں مختلف اخبارات میں مشتہر کی گئیں۔ 25, 26, 27 فروری 2023ء کو کبل گراؤنڈ میں فزیکل ٹیسٹ لیا گیا۔ جس کے بعد11 مارچ2023ء کو جہانزیب کالج مینگورہ میں تحریری ٹیسٹ کا انعقاد کیاگیا، جس میں ٹوٹل 76 امیدوارپاس ہوئے۔ کالام فارسٹ ڈویژن کے علاوہ ایٹا کے ذریعے دیگر فارسٹ ڈویژن جن میں چترال، مانسہرہ، دیر،شانگلہ،وغیرہ شامل ہیں، وہاں پر ایٹا ٹیسٹ دینے والے امیدواران کی بھرتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔لیکن کالام فارسٹ ڈویژن میں یہ عمل اب تک تاخیر کا شکار ہے۔ فارسٹ ڈیپارٹمنٹ مختلف بہانے بنا رہا ہے۔ ایٹا پاس امیدوران ذہنی اذیت کا تو شکار ہو ہی رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مٹلتان، اتروڑ، کالام، بحرین، مدین اور بشیگرام میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے قیمتی درختوں کی کٹائی بھی عروج پر ہے۔ جنگل میں آگ لگانے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ ان امیدواروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد ٹیسٹ اور انٹرویو پاس کرنے والے اہل امیدواروں کو بھرتی کروایا جائے۔
