(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ کی پیپلز چوک میں منشیات کے سمگلروں کی فائرنگ سے ایس ایچ او منگلور انسپکٹر رحیم خان شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک مبینہ سمگلر ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مطلوب سمگلروں کی اطلاع پر ایس ایچ اُو اور عملے نے موٹر سائیکل پر سوار سمگلروں کا تعاقب کیا۔ رات کو پیپلز چوک مینگورہ میں سمگلروں کی فائرنگ سے ایس ایچ اُو شہید اور محرر عطاء اللہ زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک سمگلرشریف خان عرف شریفے ساکن بنجوٹ ہلاک اور دوسرا احمد زیب ساکن شانگلہ حال فضاگٹ فرار ہوگیا۔ شہید ایس ایچ اُورحیم خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں اداکردی گئی، جس میں ریجنل پولیس آفیسر عرفان اللہ، ڈی پی او ناصر محمود، ایس پی بادشاہ حضرت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ پولیس کے دستے نے ان کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں ان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان مانپیتئی خوازہ خیلہ میں سپردِ خاک کردیا گیا۔انسپکٹر رحیم خان 1967ء میں پیدا ہوئے تھے۔ 1990ء میں پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ 2027ء کو ساٹھ سال کی عمر میں ان کو ریٹائر ہونا تھا۔
