(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کی تحصیل کبل کی 3یونین کونسلوں کانجو، کوزہ بانڈئی اور برہ بانڈئی کے ہزاروں افراد نے کنٹونمنٹ بورڈ کے قیام کے خلاف خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ہزاروں مظاہرین نے ڈھیرئی گراؤنڈ سے کانجو چوک تک ریلی نکالی اور کانجو چوک میں احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ تنظیم سمہ لارکے زیر انتظام ہونے والے مظاہرے میں مختلف سیاسی جماعتوں، سیاسی وسماجی تنظیموں کے علاوہ علاقے کے عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تنظیم سمہ لار سلطان علی خان، ایم پی اے رحمت علی خان، چیئرمین تحصیل کبل سعید خان، سابق تحصیل ناظم کبل حاجی رحمت علی، سوات کونسلرز اتحاد کے صدر رشید احمد سواتی، کانجو ٹاؤن شپ سوسائٹی کے صدر امجد کمال زنی، لیاقت علی خان، ویلج کونسل ننگولئی کے چیئرمین فتح اللہ خان، وی سی برہ باندئی کے چیئرمین طارق خان، وی سی کوزہ بانڈئی کے چیئرمین عاصم خان، کانجو ٹاؤن شپ کے صدر رحیم شاہ خان، وکیل خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کنٹونمنٹ بورڈ کسی صورت قبول نہیں،نہ ہم مزید زمینیں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں ڈھیر ساریقربانیاں دی ہیں، لیکن مزید قربانیوں کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئندہ لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ ہم کسی بھی صورت مزید زمینیں دینے کو تیار نہیں۔نہ کنٹونمنٹ بورڈکے قیام کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ عوام کو اعتماد میں لئے بغیر نہیں کیا جاسکتا۔ عوام جو چاہیں گے، اب وہی ہوگا۔
