(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے علاقے اسلام پور اور سپل بانڈئی کے اخوندخیل قوم کے گرینڈ جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ جو لوگ عدالتی احکامات کے باوجود شیر اطرف کی اراضی کو ہماری ملکیت تسلیم نہیں کرتے، تو ان کاداخلہ اسلام پور اورسپل بانڈئی میں بند کیا جائے گا۔ قوم اخوندخیل کا گرینڈ جرگہ سپل بانڈئی کی تاریخی مسجد میں ہوا جس میں اسلام پور کے سابق ناظم شاہ ولی خان، پروفیسرفضل معبود، سپل بانڈئی کے سابق ناظم امجدعلی، میاں سید اکبر جان، میاں منیر، جہان پرویز، عبدالکبیر، سردارعالم، میاں رحم دل، محمد لقمان، محمد عالم خان، عبیدخان، بادشاہ میاں، امین خان اور سابق تحصیل ناظم اکرام خان سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ جرگہ نے فیصلہ کیا کہ جو لوگ قانون اور روا یات کوتسلیم نہیں کرتے اور عدالتی فیصلوں کے باوجود شیراطرف کو ہماری ملکیت تسلیم نہیں کرتے اور راستے بند کرتے ہیں، تو ان عناصر کے لئے اسلام پور کے راستے بھی بند کئے جائیں گے۔ جرگہ نے علاقہ شیر اطراف اور ملحقہ دیہات کے باسیوں کو 12 مارچ تک کی مہلت دیتے ہوئے کہاہے کہ مقررہ تاریخ کے بعدصرف ہماری ملکیت اور عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرنے والوں کو آمد ورفت کی اجازت ہوگی۔
