(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے نمائندوں کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صدر سوات چیمبر آف کامرس نور محمد خان منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، ترجمان ڈاکٹر خالد محمود، سوات چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر محمد خورشید اقبال، نائب صدر خالد خان، ٹیکس و کسٹم ایکٹ کیخلاف قائم کردہ ایکشن کمیٹی کے ممبران یوسف علی خان، عدنان علی اور فرہاد علی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کی جداگانہ حیثیت کے خاتمے اور مجوزہ ٹیکس و کسٹم کے نفاذ کیخلاف مربوط حکمت عملی کیلئے مختلف تجاویز سامنے لائی گئیں۔ شرکا نے واضح کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کا نفاذ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ ہم کسی بھی صورت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز اور کسٹم ایکٹ کو نافذ نہیں ہونے دینگے ۔ ملاکنڈ ڈویژن کی جداگانہ حیثیت کے خاتمے کا فیصلہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے ۔ سرتاج عزیز کمیشن فاٹا کیلئے بنایا گیا تھا، نہ کہ پاٹا کیلئے ۔ ایک سازش کے تحت قبائل کے ساتھ ملاکنڈ ڈویژن کو بھی شامل کیا گیا۔ لہذا اگر حکومت نے زبردستی کرنے کی کوشش کی تو کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔
