(باخبر سوات ڈاٹ کام) پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ کے جسٹس ثابت اللہ اور جسٹس صلاح الدین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سول سو سائٹی کی جانب سے 29 ارب روپے کی گریوٹی سکیم میں بے قاعدگیوں کے خلاف رٹ سماعت کے لئے منظور کرلی۔ سول سو سائٹی کی جانب سے ان کے وکلا شاہ فیصل اور دیگر نے عدالت کو بتایا کہ مینگورہ شہر کو پانی سپلائی کرنے والی سکیم کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے29 ارب روپے کا قرضہ دیا ہے، جو سود سمیت واپس کرنا ہوگا۔ ٹھیکیدار کی جانب سے غیر معیاری کام کیا جارہا ہے اور حکومت اور متعلقہ ادارے اس پر خاموش ہیں۔ وکلا کے دلائل کے بعد ڈویژن بنچ نے رٹ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیے اور آئندہ سماعت کے لیے چار جون کی تاریخ مقرر کی۔
