Swat

سیگرام روڈ کی خستہ حالی،اہل علاقہ کا جلوس اور ایم پی اے کے گھر کے سامنے مظاہرہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)تحصیل کبل کے علاقہ کینٹ میں سیگرام روڈ کی انتہائی خستہ حالی کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاجی جلوس نکالا اور علاقہ کے ایم پی اے کے گھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نمازِ جمعہ کے بعد سیگرام چوک کوزہ بانڈئی میں جمع ہوئے اور جلوس کی شکل میں علاقہ کے ایم پی اے سلطان روم کے گھر کے قریب پہنچے، جہاں مظاہرے سے اپنے خطاب میں تنظیم ’’سمہ لار‘‘ کے صدر سلطان محمد خان، اے این پی کے حیدر علی شاہ، کونسلرز اتحاد کے صدر رشید احمد سواتی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کینٹ کے ساتھ گزرنے والی سیگرام کی پانچ کلومیٹر سڑک انتہائی خستہ حال ہوچکی ہے۔ بار بار اس سڑک کاسنگ بنیاد رکھا گیا ہے، مگر اس کے باوجود روڈ پر تعمیراتی کام شروع نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ خراب سڑک کی وجہ سے بیشتر علاقوں کے ہزاروں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد از جلد اس روڈ پر تعمیراتی کام شروع نہ کیا گیا، تو پھر علاقہ کے ایم پی اے سے استعفا کے لئے احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی۔ اس سلسلے میں علاقہ کے ایم پی اے سلطان روم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس روڈ کی تعمیر کی منظوری وزیر اعلیٰ نے دی ہے اور جلد اس پرکام شروع ہو جائیگا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں