(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں 29 یتیم اور نادار جوڑوں کی اجتماعی شادی کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ زکوٰۃ و عشر خیبربپختونخوا کے زیرِ اہتمام اور ضلعی انتظامیہ سوات کے تعاون سے ضلع سوات کی تاریخ میں پہلی دفعہ29 ناداراور یتیم جوڑوں کی اجتماعی شادی خانہ آبادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب سوات کے مقامی شادی ہال قمبر سوات میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے 29 مستحق اور نادار جوڑوں کی شادیاں انجام پائیں۔ نئے جوڑوں اور ان کے والدین، عزیز و اقارب کے لیے سادہ و پُرتکلف ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب کے دوران محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے مالیت کا چیک بطور جہیز فنڈ فراہم کیا گیا، تاکہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز معاشی اعتماد اور سہولت کے ساتھ کر سکیں۔ اس پرمسرت موقع پر صوبائی چیئر مین زکوۃ و عشر کونسل امتیاز علی خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب، ضلعی چیئرمین زکوۃ و عشر ملک آصف علی شہزاد،مئیر سٹی کونسل شاہد علی، تحصیل چیئر مین کبل سعید خان اور تحصیل چیئرمین بحرین میاں شاہد علی نے خصوصی شرکت کی۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران، ویلیج کونسل چیئرمین اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
