(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے کہا ہے کہ سوات میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران بائی پاس اور فضاگٹ میں مسمار کی گئیں سبھی عمارتیں تجاوزات کے زمرے میں آرہی تھیں، جب کہ امیر مقام کا ہوٹل تجاوزات میں نہیں آتا۔ اپنے دفتر میں سوشل میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فضاگٹ میں دریائے سوات کے کنارے واقع وفاقی وزیر امیر مقام کے ہوٹل کی پیمائش انہوں نے ہائی کورٹ کی عمارت سے کی، لیکن اہلکاروں نے رپورٹ دی کہ ان کا ہوٹل تجاوزات میں نہیں آتا۔ بعد میں پیمائش کے ماہرین تحصیلداروں اور پٹواریوں سے بھی اس ہوٹل کی پیمائش کرائی، جنہوں نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا کہ امیر مقام کا ہوٹل تجاوزات میں نہیں آتا۔ اس لئے اس ہوٹل کو مسمار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز بعد فضاگٹ سے کالام تک دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائیگا۔
