(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ اگر انتظامیہ نے مینگورہ بائی پاس پر لوگوں کی قانونی جائیدادیں گرانے کا ازلہ نہیں کیا اور متاثرین کو معاوضہ نہیں دیا تو پھر انتظامیہ اور حکومت کے خلاف سخت احتجاج کیا جائیگا۔ نشاط چوک مینگورہ میں بائی پاس متاثرین کے لئے احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں سوات کی تمام سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماوں، ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن، سوات کے تاجروں، سول سوسائٹی اور بائی پاس مظاہرین نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم سانحہ سوات میں سیالکوٹ اور مردان کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسردہ ہیں، جن کے ذمہ دار انتظامیہ اور حکومت ہیں لیکن سرکاری ذمہ داروں کو سزا دینے کے بجائے اگلے چھٹی کے روز انتظامیہ نے مینگورہ بائی پاس پر لوگوں کی قانونی عمارتیں گرائیں اور بااثر افراد کی غیر قانونی عمارتوں کو تحفظ دی گئی۔مقررین نے کہا کہ اگر بائی پاس کے مظلوموں کو ان کے نقصان کا معاوضہ نہیں دیا گیا اور سیکڑوں لوگوں کو بے روزگار کرنے والے لوگوں کو روزگار نہیں دیا گیا تو پھر سوات ایکشن کمیٹی شدید احتجاج پر مجبور ہوگی۔
