سوات (بیورو رپورٹ) سوات میں ڈکیت گروہ کے سرغنہ حاضر سروس سب انسپکٹر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایچ اُو کانجو مجیب عالم خان کے مطابق 14 اپریل2025ء کو تھانہ کانجو کی حدود میں واقع علاقہ ننگولئی میں اس وقت پٹرول پمپ میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جب پمپ کا کیشئر 24 لاکھ روپے کا کیش بنک لے جارہا تھا۔ پولیس نے اس واردات کی تفتیش شروع کی تو اور ڈکیتیاں بھی اس سے ملتی جلتی تھیں۔ پولیس نے پٹرول پمپ کے ایک سیل مین ضیاء اللہ کو گرفتار کرلیا تو اس نے مزید ساتھیوں کا انکشاف کیا۔ پولیس نے مزید ملزمان نصیب رزاق ساکن مارتونگ ضلع شانگلہ کو گرفتار کیا، تو انکشاف ہوا کہ گینگ کا سرغنہ محکمہ پولیس سوات کا حاضر سروس سب انسپکٹر بحر الملک ساکن مارتونگ ضلع شانگلہ ہے۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ سب انسپکٹر اُن کو شانگلہ سے سوات لائے تھے اور ان افراد سے ڈکیتیاں کرواتے تھے اور اس ڈکیتی میں سب انسپکٹر نے اپنا حصہ نو لاکھ روپے وصول کیا تھا۔ کانجو پولیس نے حاضر سروس سب انسپکٹر بحرالملک کو گرفتار کرکے عدالت سے اس کا دو روزہ ریمانڈ حاصل کیا، جس سے تھانہ کانجو کے حوالات میں تفتیش جاری ہے۔ایس ایچ او مجیب عالم نے کہا کہ ملزم چاہے پولیس میں ہو یا عام لوگوں میں، سارے ملزمان پولیس کے لئے برابر ہیں۔
