(باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان ضلع سوات کے علمائے کرام اور نمائندہ وفد نے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علمائے کرام نے چالیار خوازہ خیلہ میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مجرم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا۔ ملاقات میں صوبائی ناظم وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا حسین احمد، معاون ناظم مولانا قاری محب اللہ، رکن عاملہ مولانا محمد طاہر، مولانا حجت اللہ، قاری فتحت اللہ، مولانا حفیظ الرحمن اور دیگر معزز علمائے کرام شریک ہوئے۔ مولانا حسین احمد نے وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ نہایت دلخراش اور افسوسناک ہے، جس پر نہ صرف تمام علمائے کرام بلکہ اہلِ سوات اور ہر باشعور فرد شدید رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہید بچے کے لواحقین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس ظلم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہم علی الاعلان کہتے ہیں کہ اس گھناؤنے جرم کے مرتکب شخص سے ہمارا کوئی تعلق یا تعاون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور دینی تعلیم کے فروغ میں رجسٹرڈ دینی مدارس اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا کردار ہمیشہ سے مثبت اور قابلِ قدر رہا ہے، اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ ایک فرد کے غیر انسانی فعل کی وجہ سے تمام مدارس کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔
