سوات (بیورو رپورٹ) سوات تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان مار لیا۔ نہ صرف مجموعی پوزیشنز میں طالبہ کشمالہ حبیب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ جنرل گروپ میں بھی تینوں نمایاں پوزیشنز طالبات نے اپنے نام کیں۔سوات بورڈ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جماعت نہم کے سائنس گروپ میں 43985 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 20664 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کی شرح 46.89 فیصد رہی۔ جنرل گروپ میں 5306 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا، جن میں کامیاب ہونے والوں کی تعداد صرف 803 رہی، اور نتیجہ 15.13 فیصد رہا۔ جماعت نہم کا مجموعی نتیجہ 43.55 فیصد رہا، جبکہ کل 49291 طلبہ و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا۔بجماعت دہم کے سائنس گروپ میں 43380 طلبہ و طالبات میں سے 34376 کامیاب قرار پائے، جس کے ساتھ نتیجہ 79.24 فیصد رہا۔ جنرل گروپ میں 4348 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 1989 نے کامیابی حاصل کی اور نتیجہ 45.75 فیصد رہا۔ اس طرح جماعت دہم کے کل 47728 امیدواروں میں سے 36365 کامیاب قرار پائے اور مجموعی کامیابی کی شرح 76.19 فیصد رہی۔ رزلٹ کے مطابق مجموعی طور پر طالبہ کشمالہ حبیب دختر حبیب اللہ ساکن پانڑ مینگورہ الا ظھر ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کی طالبہ، نے رول نمبر 234277 کے ساتھ 1200 میں سے 1177 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسری پوزیشن کیڈٹ کالج سوات کے طالبعلم اذلان علی شاہ ولد شاہ دوران رول نمبر 241074 نے 1175 نمبرات کے ساتھ حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن بھی اسی ادارے کے طالب علم امیر زیب امیر ولد تاج زیب رول نمبر 241100 نے 1172 نمبرات حاصل کرکے اپنے نام کی۔ دہم جنرل گروپ میں بھی طالبات نے نمایاں برتری حاصل کی۔ پہلی پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چینگلی کی طالبہ ثمن بی بی دختر فقیر خان رول نمبر 206167 نے 1043 نمبرات کے ساتھ حاصل کی۔ دوسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بریکوٹ سوات کی طالبہ صدا گل دختر سید رحمان رول نمبر 200899 نے 1041 نمبرات کے ساتھ اپنے نام کی جبکہ تیسری پوزیشن ضلع شانگلہ کی پرائیویٹ طالبہ ثمرین بی بی دختر حضرت علی رول نمبر 280475 نے 1013 نمبرات حاصل کر کے حاصل کی۔
