(باخبر سوات ڈاٹ کام) صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے ریسکیو 1122 سوات کے ضلعی دفتر سیدوشریف کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر چیئرمین حبیب اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے صوبائی وزیر کو ریسکیو 1122 سوات کی مجموعی کارکردگی، دستیاب وسائل، ایمرجنسی رسپانس کے نظام، اہلکاروں کی تربیت اور حالیہ بارشوں و سیلاب کے دوران کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے ریسکیو 1122 کے جذبہ خدمت اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بالخصوص سوات کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ صوبائی حکومت ادارے کو مزید جدید سہولیات اور وسائل سے آراستہ کرے گی، تاکہ عوام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں۔
