(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات میں گذشتہ شب ہونے والی بارش اور مینگورہ کے خوڑوں میں پانی کی سطح میں اضافے نے انتظامی افسران کی دوڑیں لگوادیں۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب مینگورہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد مینگورہ، کوکارئی خوڑ میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا جس کی وجہ سے ڈپٹی کمشنر سمیت بیشتر افسران آدھی رات کو خوڑ کے کنارے پہنچ گئے۔ لیکن کچھ دیر بعد بارش کم ہوئی اور خوڑ میں پانی کی سطح بھی کم ہونے لگی جس کے بعد سرکاری افسروں اور سیلاب زدگان نے سکھ کا سانس لیا اور گھروں کو چلے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ اور کل جمعرات کو بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
