(باخبر سوات ڈاٹ کام)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں تجاوزات سے متعلق کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور حالیہ ناخوشگوار واقعے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی عمران علی شاہ، تحصیلدار بابوزئی محمد بلال، ایکسین ایریگیشن انور اللہ خان، سوات ٹریڈ فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم، ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی زاہد خان، سینئر صحافی فیاض ظفر، سوات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری شفیع اللہ، محمد الیاس خان ایڈوکیٹ، ڈاکٹر خالد محمود سمیت دیگر متعلقہ افسران اور نمائندگان شریک ہوئے۔ کمیٹی ممبران اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صوبائی وزیر کو تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلات اور پیش آنے والے واقعے سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ دریائے سوات کے کناروں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے پہلے دن سے ایک بااختیار اور تجربہ کار کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلے کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے ناخوشگوار واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ کیونکہ اس اہم مسئلے کا حل صرف بات چیت، مشاورت اور مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر سوات کو ہدایت دی کہ تحصیلدار بابوزئی، متعلقہ ریونیو عملے، صدر عبدالرحیم، حاجی زاہد خان اور دیگر کمیٹی ممبران کے ہمراہ موقع پر دورہ کریں اور مشترکہ طور پر ہوٹل مالکان کے ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کریں۔
