(باخبر سوات ڈاٹ کام)سیدو شریف کالج کالونی میں عدلیہ کے بنگلے پر غیر قانونی قبضے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینئر رضوان اللہ اور سب انجینئر رحمن اللہ سمیت 50 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات کی جانب سے سیدو شریف تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ، جس میں ملزمان پر سرکاری رہائش گاہ پر زبردستی قبضہ، عملے کو زد و کوب کرنے، قیمتی سامان کو نقصان پہنچانے اور سرکاری ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالنے جیسے الزامات شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ بنگلہ گذشتہ 15 سالوں سے عدلیہ کے زیر استعمال رہا ہے اور حالیہ عدالتی دفاتر کی منتقلی کے باعث عارضی طور پر خالی تھا۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے رضوان اللہ نے اپنے ماتحت عملے کے ساتھ مل کر بنگلے کا تالا توڑا اور تذئین و آرائش میں مصروف ٹھیکیدار اور عملے کو ہراساں کیا۔
