(باخبر سوات ڈاٹ کام) سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبر پختونخوا محمد زبیر اور ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے گورکن مٹلتان 84 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ اور گبرال کالام ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام پر پیش رفت کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور اب تک کی گئی تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وہاں پر موجود زمین مالکان کے مسائل سنے گئے جبکہ وئیر ہاؤس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے اسسٹنٹ کمشنر بحرین کو ہدایت دی کہ گبرال کالام ہائیڈرو پاور پلانٹ منصوبے کا گودام جلد از جلد پیڈو (PEDO) کے حوالے کیا جائے۔اس کے علاوہ عوام کی جانب سے پانی کی فراہمی سے متعلق شکایات پر سیکرٹری انرجی اینڈ پاور نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے پانی کی سپلائی کے لئے انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔ مقامی عوام نے روزگار کے تحفظ کا مطالبہ کیا جبکہ گورکن مٹلتان ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ بھی سامنے رکھا۔ اس پر فوری طور پر بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
