(باخبر سوات ڈاٹ کام) سیدو شریف میں فورسز کی وردی میں ناکہ بندیاں لگانے والے مسلح افراد کو سیدو شریف پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ سیدو شریف پولیس کو اطلاع ملی کہ بمقام فرش شگئی حدود تھانہ سیدو شریف میں کچھ مشکوک افراد جو سیکورٹی فورسز سے مشابہت رکھنے والے کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور ان کے پاس ایک موٹر کار بھی ہے، وہ پیدل جانے والے اشخاص سمیت گاڑیوں کے تلاشی لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف سہیل خان نے پولیس جوانوں کے ہمراہ فرش شگئی پہنچ کر مشکوک افراد کو گاڑی سمیت تحویل میں لے لیا اور انہیں تھانہ سیدوشریف منتقل کردیا۔ جہاں اب ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ گرفتار ملزمان کا کسی بھی سیکورٹی ادارے سے تعلق نہیں۔ گرفتار ملزمان میں مستان شاہ ولد نور محمد سکنہ گل آباد چارپریزہ پشاور، خوباب ولد ظاہر خان، زریاب خان ولد زرشاد علی، محمد شاہ زیب ولد اورنگزیب ساکنان گل آباد چارپریزہ پشاور شامل ہیں۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد کلاشنکوف، ایک عدد ایم 4، ایک عدد پستول 9 ایم ایم اور 213 عدد کارتوس برآمد کرکے زیر استعمال موٹر کار قبضہ میں لے لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سیدو شریف میں جرم 170-171-15AA کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا۔
