(باخبر سوات ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر سوات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات کی صدارت میں “سوات قومی امن پاسون” کے مشران اور علاقائی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا۔ جرگہ میں ضلع سوات کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور ضلع سے متعلق دیگر امور زیرِ بحث آئے۔ جرگہ میں علاوہ کے مشران اور عمائدین شامل تھے۔ ڈپٹی کمشنر سوات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے جرگہ مشران کو خوش آمدید کہا اور علاقے کے امن و امان کے تحفظ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمۂ پولیس سوات عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ضلعی انتظامی افسران، جرگہ میں اٹھائے جانے والے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ سوات کے عوام کو انتظامی اداروں اور پولیس کے ساتھ ایک آواز بن کر دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ کسی بھی قسم کی سہولت کاری برداشت نہیں کی جائے گی اور مقامی سطح پر دہشت گردوں کو بے دخل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بتایا کہ سوات پولیس اس سلسلے میں فعال ہے، حساس علاقوں میں مسلسل گشت جاری ہے۔ نفری میں اضافہ کیا گیا ہے اور ناکوں کی تعداد بھی بڑھائی گئی ہے۔ انہوں نے مشران سے کہا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون برقرار رکھیں، تاکہ اس ناسور کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہوسکے۔ جرگہ کے مشران نے سوات پولیس کے اس لیڈ رول کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Swat
