(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات اولسی پاسون کے زیر اہتمام کانجو چوک میں سوات، دیر، باجوڑ اور خیبر پختون خوا میں پائیدار امن کے لئے بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ احتجاج میں شریک لوگوں نے سفید جھنڈے اٹھائے تھے، جن پر امن کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سوات اولسی پاسون کے سربراہ آفتاب خان، سلطان علی خان، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان، سلیم الرحمان، سٹی میئر شاہد علی خان، تحصیل چیئر مین کبل سعید خان، اشفاق احمد ایڈوکیٹ، مولانا نصر اللہ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی صورت اپنی سرزمین پھر دہشت گرد یا دہشت گردی کو برداشت نہیں کریں گے۔ صوبائی حکومت دیر، باجوڑ اور جنوبی اضلاع میں پائیدار امن قائم کرے۔ پولیس سوات اور دیر کے سرحدی پہاڑ پر موجود چند درجن دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔ مقررین نے کہا کہ اگر پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کی، تو پھر سوات کے عوام ان دہشت گردوں کے خلاف ’’اشر‘‘ (کسی فرض کو رضاکارانہ اور اجتماعی طور پر پورا کرنا) کریں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے کہا کہ اگر وہ خیبر پختون خوا میں امن قائم نہیں کرسکتے تو استعفی دیں دے۔مقررین نے مٹہ امن پاسون میں تقاریر کرنے پر بہادر شیر افغان، غیرت خان یوسفزئی اور عجب خان پر ایف آئی آر درج کرنے کی شدید مذمت کی۔
