Swat

سوات، شاہی محل کے مین گیٹ پر دفعہ 145 نافذ، فریقین کے داخلہ پر پابندی

(باخبر سوات ڈاٹ کام) والی سوات کے شاہی محل کے حوالے سے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی اور شاہی خاندان کے درمیان تنازع میں شدت کے بعد سب ڈویژنل مجسٹریٹ بابوزئی (مینگورہ) نے شاہی محل کے مین گیٹ پر دفعہ 145/CR,PC لگا کر تا حکم ثانی فریقین کو مین گیٹ استتعمال کرنے سے منع کیا ہے۔ اپنے حکم نمبر 2214/AS,B میں انہوں نے لکھا کہ فریقین کے درمیان شاہی محل کے مین گیٹ کے استعمال پر امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے اس دفعہ کے ذریعے پابندی لگانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف کو ہدایت کی ہے کہ مین گیٹ کو سیل کرکے وہاں پر پولیس تعینات کی جائے اور اس حکم پر عمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ تنازع کے بعد ایک جرگہ مقرر ہوا جس کو دونوں فریقین نے تحریری اختیار (تیگہ) دیا تھا۔ جرگہ نے بعد میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے صوبائی وزیر کو شاہی محل میں اپنا گھر خالی کرنے کا حکم دیا تھا اور شاہی خاندان کو صوبائی وزیر کو41 کروڑ روپے سے زائد کا رقم دینے کا حکم دیا تھا۔ جرگہ نے پہلی قسط کی رقم 14 کروڑ روپے مقرر کی تھی جو جرگہ کے بنک اکاونٹ میں شاہی خاندان نے جمع کی ہے۔ باقی رقم شاہی خاندان 5 نومبر 2025 یا اس سے پہلے جرگہ کے اکاونٹ میں جمع کرے گا جس کے بعد جرگہ یہ رقم صوبائی وزیر کے خاندان کو دے گا۔ صوبائی وزیر شاہی حویلی میں اپنا گھر اور زمین شاہی خاندان کے حوالہ کرکے ان کے نام انتقال کرنے کا پابند ہوگا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں