(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے سوات کے علاقے سنگوٹہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کو 20، 20 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے گئے ہیں۔انجینئرامیر مقام نے بتایا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ذاتی طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل کا مشاہدہ کیا۔ وفاقی وزیر کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو سڑکوں کی بلاامتیاز مرمت کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ بعض شعبے جو صوبائی حکومت کے دائرہ کار میں آتے ہیں، ان پر بھی وفاقی حکومت عملدرآمد کر رہی ہے تاکہ عوام کی مشکلات فوری طور پر کم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کا سیاسی امتیاز نہیں برتا جا رہا اور پنجاب و خیبرپختونخوا میں یکساں طور پر امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ اگر کسی صوبے میں مخالف جماعت کی حکومت ہو تو ہم متاثرین کو نظرانداز کریں، ہر پاکستانی ہمارے لیے برابر ہے۔ انجینئرامیر مقام نے اس موقع پر بھارت کے خلاف حالیہ دفاعی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کو پاکستان کی کامیاب سفارتی نمائندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم نے نہ صرف پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا بلکہ فلسطین اور غزہ کے حق میں بھی جاندار آواز بلند کی۔
