Swat

بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر کا خپل کور فاؤنڈیشن کا دورہ خپل کور فاؤنڈیشن

(باخبر سوات ڈاٹ کام) بینک آف خیبر کے منیجنگ ڈائریکٹر حسن رضا نے خپل کور فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور یتیم بچوں کے لیے خپل کور ویلیج میں تعمیر کیے گئے بینک آف خیبر آڈیٹوریم کا افتتاح کیا۔ نئے بننے والے آڈیٹوریم میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خپل کور کے باصلاحیت بچوں نے قومی ترانہ، پختون روایتی رقص اور دلچسپ خاکے پیش کیے۔ اس موقع پر خپل کور فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد علی نے مہمانِ خصوصی کو ادارے کے مشن، کامیابیوں اور جاری فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ خپل کور فاؤنڈیشن گذشتہ کئی برسوں سے بے سہارا اور یتیم بچوں کی تعلیم، تربیت اور رہائش کے لیے مثالی خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ بینک آف خیبر کی معاونت اس مشن کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ مہمانِ خصوصی حسن رضا نے بچوں کی کارکردگی اور خپل کور فاؤنڈیشن کی مجموعی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں معاشرے کے محروم طبقے کے لیے امید کی کرن ہے۔ دورے کے دوران حسن رضا نے بینک آف خیبر کی جانب سے سپانسر کیے گئے یتیم بچوں سے ملاقات بھی کی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی تعلیم و تربیت میں نمایاں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بینک آف خیبر آئندہ بھی خپل کور فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں