Uncategorized @ur

عدالت کی طرف سے مینگورہ کی سڑکوں، گلیوں کو تین ماہ کے اندر پختہ کرنے کا حکم جاری

(باخبر سوات ڈاٹ کام)پشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ کے جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایشائی ترقیاتی بنک کی مالی معاونت سے مینگورہ کو پانی سپلائی کے 29 ارب روپے سکیم میں واسا سوات، ٹھیکیدار زیڈ کے بی اور تمام متعلقہ اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ شہر کی تمام گلیوں کو تین ماہ اصل حالت میں تعمیر کریں اور رپورٹ ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو پیش کردیں۔ سڑکوں کی بحالی اور بلیک ٹاپنگ کے تمام کام جلد از جلد مکمل کریں اور اس سکیم کو ہر حال میں فروری 2026ء سے قبل مکمل کرلیں۔ رٹ پیٹیشن فیاض ظفر بنام صوبائی حکومت و دیگر میں محفوظ فیصلہ عدالت نے گذشتہ روز سنا دیا۔ درخواست گزار کی جانب سے ان کے وکلا شاہ فیصل خان اور سردار احمد نے اس سے پہلے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 29 ارب کی خطیر رقم سے اس پراجیکٹ میں شہر کی سڑکوں اور گلیوں کو کھودا گیا ہے۔ کئی جگہوں پر تعمیر کا کام ہی نہیں ہو رہا اور جہاں ہو رہا ہے وہاں کام غیر معیاری ہے۔درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ کھدائی کے بعد سڑکوں کو عارضی اور ناقص طریقے سے بھرا جا رہا ہے، وہ بھی بغیر کسی درست بلیک ٹاپنگ یا سیمنٹ کانکریٹنگ کے۔ اس کے نتیجے میں سڑکیں ناہموار ہوگئی ہیں، جس سے گرد و غبار، حادثات کے خدشات اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں