(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات زرعی یونیورسٹی میں انسداد بد عنوانی کا ہفتہ منایا گیا۔ اس حوالے سے طلبہ کے مابین مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب قومی احتساب بیورو (NAB) اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (HED) کے اشتراک سے یونیورسٹی کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر داؤد جان نے کی۔ تقریب کا آغاز ڈاکٹر احمد رضا نے بطور اسٹیج سیکرٹری کیا، جنہوں نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تلاوتِ قرآن پاک کے بعد اردو اور انگریزی زبانوں میں مضمون نویسی، پوسٹر پینٹنگ اور تقریری مقابلے منعقد کیے گئے، جن کا مقصد طلبہ میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا، ایمانداری، شفافیت اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا تھا۔ طلبہ نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور تخلیقی صلاحیتوں، مثبت سوچ اور سماجی شعور کا مظاہرہ کیا۔
