(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں بارش، ژالہ باری اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔ بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے مینگورہ شہر کی اکثر سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ منگل کی صبح سوات کے بیشتر علاقوں میں تاریکی چھاگئی اور روشن دن، رات کی تاریکی کا منظر پیش کرنے لگا، جس کے بعد تیز ژالہ باری شروع ہوگئی۔ اس وجہ سے مینگورہ شہر اور آس پاس کی زمین نے جیسے برف کی طرح سفید چادر اوڑھ لی۔ اس کے بعد تیز گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ بجلی کے مین گریڈ اسٹیشن میں آسمانی بجلی گرنے اور فالٹ کی وجہ سے شہری کئی گھنٹوں تک بجلی سے بھی محروم رہے۔ شہر کی اکثر سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جس کی وجہ سے اکثر بازار اور دکانیں بند رہیں۔ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جس کی وجہ سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں آسمانی بجلیاں گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔
