Swat

سوات قومی جرگہ کے عمائدین کی امن و امان کی صورتحال پر ڈی سی و ڈی پی او سے مشاورت

(باخبر سوات ڈاٹ کام)قڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر کی زیر صدارت سوات قومی جرگہ کے مشران و علاقائی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا جس میں ضلع سوات کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم انتظامی و عوامی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ جرگہ میں علاقائی مشران و عمائدین بشمول عبدالجبار، اختر علی، حاجی زاہد خان، خورشید کاکاجی، صلاح الدین، شیر شاہ خان، جاوید بھائی جان، شیر بہادر ایڈوکیٹ سمیت دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سوات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے جرگہ کے شرکا کو خوش آمدید کہا اور علاقے میں قیامِ امن اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون پر ان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ جرگے میں طے پانے والے فیصلوں پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خاطرخواہ عملدرآمد کیا گیا ہے اور عوامی فلاح و تحفظ کے لیے مزید اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس کے دوران عمائدین نے اپنے تحفظات، آرا اور تجاویز پیش کیں جنہیں ڈپٹی کمشنر سوات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات نے توجہ سے سنا اور اطمینان بخش جوابات فراہم کیے۔ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے اس موقع پر کہا کہ ضلع سوات کے عوام باشعور، غیور اور امن پسند ہیں جنہوں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری اور امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قیمت پر ضلع کے امن و امان کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں