(باخبر سوات ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ چیئرمین عشر و زکوٰۃ سوات ملک آصف علی شہزاد نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ ایک مہذب معاشرے کی بنیادی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کو منظور ہوئے کئی دہائیاں گزر چکی ہیں، مگر آج بھی دنیا بھر میں کروڑوں افراد اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں جو انسانیت کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو مذہب، رنگ، نسل، زبان، قومیت اور معاشی حیثیت سے بالاتر ہو کر برابری، آزادی اور انصاف ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین شہریوں کو بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر ان حقوق کے عملی نفاذ میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ملک آصف شہزاد نے مینگورہ سوات کے مقامی ہوٹل میں نجی این جی او کی جانب سے انسانی حقوق کے عالمی دن کے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک آصف شہزاد نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، صحت، روزگار، اظہارِ رائے کی آزادی، خواتین کے حقوق، بچوں کے حقوق اور معذور افراد کی سہولیات کسی بھی معاشرے کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی ناانصافیوں، کرپشن، غربت، گھریلو تشدد اور صنفی امتیاز کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر مشترکہ جدوجہد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نجی این جی او جیسے ادارے معاشرتی ترقی، فلاح و بہبود اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے قابلِ ستائش خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے تقریب کے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی سطح پر انسانی حقوق کے شعور کو عام کریں اور ایسے اقدامات کریں جن سے معاشرے میں حقیقی مثبت تبدیلی پیدا ہوسکے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ انسانی حقوق صرف ایک دن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ روزانہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمارے رویے، ہماری سوچ اور ہمارے فیصلے ہی ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جو انصاف، مساوات اور انسانی وقار کا ضامن ہو۔
