Swat

شاہی محل تنازع، فریقین کے ایک دوسرے پر فائرنگ کے الزامات

(باخبر سوات ڈاٹ کام) والئی سوات کا شاہی محل تنازع شدت اختیار کرگیا۔ شاہی خاندان اور سابق صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی نے ایک دوسرے پر فائرنگ کے الزامات لگا دیے۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب تین بج کر تیس منٹ پر شاہی محل میں شدید فائرنگ کی آواز سنی گئی۔ تھانہ سیدو شریف میں فضل حکیم خان یوسفزئی کے بھتیجے عبدالعزیز خان کی مدیت میں والی سوات کی پوتی شہزادی بیگم زیب االنسا جیلانی سمیت ایک درجن افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔پولیس نے شہزادی بیگم زیب النساء کی رپورٹ پر ایم پی اے فضل حکیم خان یوسفزئی اور ایک درجن دیگر افراد کے خلاف روزنامچہ رپورٹ درج کی۔ بیگم زیب النساء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ہاں کچھ مہمان آرہے تھے کہ فضل حکیم کے ایما پر ان کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں اور دیگرمسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی، جس سے وہ بال بال بچ گئے۔ دوسری جانب سابق صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کے بھائی آفرین خان اور فرزند سلمان خان یوسفزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ شب بیگم زیب النساء کے چالیس کے قریب افراد نے ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان کو جان سے مارنے کی کوشش کی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں