Swat

ڈی سی سوات کی زیر صدارت عید الاضحی بارے اہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر ٹریفک مینجمنٹ، سیاحوں کی سہولت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ ضلع بھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ (باخبر سوات ڈاٹ کام)اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران سوات میں متوقع سیاحوں کے غیر معمولی رش، ٹریفک کے بہاؤ، پارکنگ انتظامات اور عوامی سہولیات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے سیاحوں اور مقامی شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے ٹریفک پولیس، ٹورازم پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے، تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر کے اہم سیاحتی مقامات، خصوصاً کالام، بحرین، مدین، ملم جبہ اور دیگر علاقوں میں ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مؤثر عمل درآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں