(باخبر سوات ڈاٹ کام)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر کاکا خیل کی زیر صدارت ضلع سوات میں محکمہ زراعت سوات کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں اراکین صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان، اختر خان ایڈوکیٹ،سلطان روم خان اور حمیدالرحمان محکمہ زراعت کے افسران، کسانوں، سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے ضلع سوات میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات، کسانوں کے تحفظات، شکایات اور مختلف تجاویز سے مشیر زراعت کو آگاہ کیا۔ مشیر زراعت میاں محمد عمر نے تمام مسائل و تجاویز توجہ سے سنیں اور متعدد شکایات کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں، جب کہ دیگر معاملات کو قانونی اور انتظامی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کرتے ہوئے ان پر جلد پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے مشیر زراعت میاں محمد عمر نے کہا کہ زمینداروں کے مسائل کا حل صوبائی حکومت اور محکمہ زراعت کی اولین ترجیح ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کسان دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور زرعی شعبے کی ترقی، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
