(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کی تحصیل کبل کے بالائی علااقوں میں طالبان کی آمد کی اطلاع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی قیادت میں سوات پولیس اور پاک آرمی نے تحصیل کبل میں ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا انعقاد کیا۔آپریشن میں ڈسٹرکٹ پولیس، پاک آرمی، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، بی ڈی ایس اور ڈی ایس بی کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن حدود تھانہ کبل کے پہاڑی علاقوں قلاگے اور جکڑ بابا میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کی چھان بین کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے معززین سے ملاقاتیں کی گئیں اور مشکوک افراد اور سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
