(باخبر سوات ڈاٹ کام)ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی آئینی و قانونی حیثیت کے تحفظ کے لیے قائم ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے21 جولائی کو ملاکنڈ ڈویژن کے تمام دس اضلاع میں شٹر ڈاون کا اعلان کردیا۔ ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے ایکشن کمیٹی کے اراکین سوات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نور محمد خان، رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی، واجد علی خان، شیر شاہ خان، شیرزادہ بہادر خان، مولانا سید قمر، محمد امین، ڈاکٹر خالد محمود، یوسف علی خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کہا کہ فاٹا اصلاحات کے دوران کیے گئے بعض غلط فیصلوں کے باعث ملاکنڈ ڈویژن کی پاٹا (PATA) حیثیت متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں علاقے میں مختلف ٹیکسوں کے نفاذ کی راہ ہموار ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی معاشی مشکلات کے شکار عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ رہنماؤں نے بینک انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ 21 جولائی کو بینک بند رکھے جائیں۔ انہوں نے تاجر برادری، وکلا، مزدور تنظیموں، ٹرانسپورٹرز، سول سوسائٹی اور عوام سے ہڑتال میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر حکومت نے عوام کے مطالبات پر توجہ نہ دی، تو اگلے مرحلے میں پہیہ جام ہڑتال، اہم شاہراہوں کی بندش اور احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
Swat
